وفاقی حکومت کا گریڈ 20 افسر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کو آئی جی آزاد کشمیر تعینات کرنے کا فیصلہ

تاریخ: 16 فروری 2026 تحقیقی رپورٹ: عاقب علی

مظفرآباد — وفاقی حکومت نے اتوار کے روز پولیس سروس آف پاکستان (PSP)  گریڈ 20 کے افسر کیپٹن (ریٹائرڈ) لیاقت علی ملک کو آزاد جموں و کشمیر کا نیا انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) تعینات کر دیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک، جو اس سے قبل حکومت پنجاب کے ماتحت بطور ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ خدمات انجام دے رہے تھے، کو فوری طور پر آزاد کشمیر حکومت کے سپرد کیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی آئندہ احکامات تک مؤثر رہے گی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تقرری سول سرونٹس ایکٹ 1973 کی دفعہ 10 کے تحت، معاہدہ کراچی 1949 کی شق ہشتم (Clause viii) کے ساتھ پڑھی گئی قانونی دفعات کے مطابق عمل میں لائی گئی ہے۔

یاد رہے کہ معاہدہ کراچی 1949 اُس وقت کے صدر آزاد کشمیر سردار محمد ابراہیم خان، مسلم کانفرنس کے رہنما چوہدری غلام عباس اور وفاقی وزیر مشتاق احمد گرمانی کے درمیان طے پایا تھا۔ مذکورہ شق کے تحت وفاق کی جانب سے آزاد کشمیر کو فراہم کیے جانے والے افسران کی خدمات حکومت آزاد کشمیر کے سپرد کی جاتی ہیں، جس کے بعد ان کی باضابطہ تقرری آزاد کشمیر گزٹ میں نوٹیفکیشن کے ذریعے کی جاتی ہے۔

سن 2014 سے قبل وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر میں تعینات کیے جانے والے کلیدی عہدوں پر فائز افسران، جنہیں عمومی طور پر “لینٹ آفیسرز” کہا جاتا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے اجرا کے ساتھ ہی ذمہ داریاں سنبھال لیتے تھے۔ تاہم بعد ازاں مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کی حکومت اور اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے درمیان اختلافات کے پیش نظر یہ طے پایا کہ آئندہ ایسے افسران کی تعیناتی آزاد کشمیر کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (S&GAD) کے نوٹیفکیشن اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کی منظوری کے بعد مؤثر ہوگی۔

کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے رانا عبدالجبار کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، جنہیں مئی 2024 میں آزاد کشمیر تعینات کیا گیا تھا اور حال ہی میں لاہور میں چار ماہ کے نیشنل مینجمنٹ کورس کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

عبوری انتظام کے طور پر ایڈیشنل آئی جی یاسین قریشی، جو آزاد کشمیر پولیس سروس سے تعلق رکھتے ہیں، کو خطے کے پولیس سربراہ کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment