گوگل نے مہلک وبا سے متعلق عوام میں آگاہی پھیلانے کیلئے حکومت پاکستان کو مفت اشتہار چلانے کی سہولت دی تھی، جسے ضائع کر دیا گیا
لاہور۔ حکومتی ماہرین کی غفلت، کرونا وائرس سے آگاہی کیلئے یوٹیوب پر چلائے جانے والے اشتہار میں غلط لنک لگا دیا، گوگل نے مہلک وبا سے متعلق عوام میں آگاہی پھیلانے کیلئے حکومت پاکستان کو مفت اشتہار چلانے کی سہولت دی تھی، جسے ضائع کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے عالمی سطح پر پھیلاو کے بعد گوگل کی جانب سے پاکستان سمیت تمام ممالک کو یوٹیوب پر مفت اشتہار چلانے کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔ گوگل کی جانب سے سہولت دی گئی کہ حکومت پاکستان کرونا وائرس کی روک تھام سے متعلق عوام میں بذریعہ آن لائن اشتہار آگاہی پھیلائے، اس مقصد کیلئے معاوضہ وصول نہیں کیا جائے گا۔ تاہم سرکاری آئی ٹی ماہرین کی غفلت کے باعث گوگل کی جانب سے فراہم کردہ سہولت ضائع ہو گئی ہے۔یوٹیوب پر کرونا وائرس سے آگاہی کیلئے وزارت صحت کے اشتہار پر جب کلک کیا جائے تو جواب میں بتایا جاتا ہے کہ آپ کا مطلوبہ صفحہ اس وقت دستیاب نہیں۔ اس حوالے سے لوگوں کی جانب سے تنقید کرتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ کچھ لوگوں کی لاپرواہی سے گوگل کی جانب سے مفت میں فراہم کردہ مہنگی ترین سہولت کو ضائع کر دیا گیا ہے۔