منی لانڈرنگ کی روک تھام، یورپی یونین میں رقوم منتقلی قوانین مزید سخت

یورپی یونین نے نقد رقوم کی منتقلی روکنے کیلئے قوانین مزید سخت کردیے۔ یہ قوانین یورپین یونین کے تمام ممبر ممالک میں 3 جون سے نافذالعمل ہونگے۔

ای یو پریس ریلیز کے مطابق پہلے یورپ میں آنے یا جانے والا ہر شخص (10000) دس ہزار یورو تک کا کیش لیکر جا سکتا تھا۔ جبکہ اس سے زائد رقم کیلئے اسے بتانا پڑتا تھا۔

لیکن اب منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے والی رقوم کی منتقلی کی روک تھام کیلئے ان قوانین میں مزید تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔ جو فوری طور پر نافذالعمل ہونگی۔

ان نئی تبدیلیوں کے تحت سب سے پہلے لفظ ‘کیش’ میں ترمیم کرتے ہوئے اس میں سونے کے زیورات اور سونے کے ٹکڑے بھی شامل کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کسٹم حکام یہ یقین ہونے پر کہ موجود کیش کسی جرم سے حاصل کیا گیا ہے، اب 10 ہزار یورو سے کم رقم ہونے پر بھی ضبط کر سکیں گے۔

کسٹم حکام اس رقم کو بھی ضبط کر سکیں گے جو پوسٹ، کورئیر یا دیگر فریٹ کے ذریعے بھیجی جائے گی۔ اس کے علاوہ ممبر ممالک کی اتھارٹیز کو اس حوالے سے معلومات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اس معاملے کی مزید چھان بین کر سکیں۔

ان نئے قوانین کے نفاذ کے بعد خدشہ ہے کہ ان ایشین خواتین سے پوچھ گچھ  میں اضافہ ہوسکتا ہے جو اپنے فضائی یا زمینی سفر کے دوران بھاری بھر کم زیورات کا استعمال کرتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More