غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ

گلاسگو کے مسلمانوں اور سول سوسائٹی نے اقوام متحدہ اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی توجہ ا سرائیلی دہشت گردی کی طرف مبذول کرائی

گلاسگو: (ندیم عظمت) غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف گلاسگو میں جلوس، فلسطینیوں پر مظالم بند کرنے کا مطالبہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے گلاسگو میں ایک بہت بڑا جلوس نکالا گیا جس میں مقررین نے اقوام متحدہ اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی توجہ مشرق وسطی میں ہونے والے بدترین انسانی المیے کی طرف دلائی اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف ہونے والے بدترین تشدد اور ظلم کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسرائیل کا سفارتی اور تجارتی بائیکاٹ کیا جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے غزہ کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کردیا ہے، معصوم بچوں اور عورتوں کو بھی شہید کیا جا رہا ہے۔ رمضان کے مہینے میں مسجد اقصیٰ میں بدترین تشدد کیا گیا۔ جلوس کا آغاز مرکزی جامع مسجد گلاسگو سے ہوا جو سٹی سنٹر کا چکر لگاتا، بینر لہراتا اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے بلند کرتا جارج سکوائر پہنچ گیا، جہاں سینکڑوں کی تعداد میں پہلے ہی لوگ پہنچ چکے تھے۔ ان میں اگرچہ ہر عمر، رنگ اور علاقے کے ہزاروں افراد شامل تھے لیکن اکثریت نوجوان نسل کے پاکستانیوں کی تھی۔ جارج سکوائر میں چند گھنٹے مظاہرہ اور تقریریں کرنے کے بعد شرکاء ایک بہت بڑے جلوس کی شکل میں اکھٹے ہوکر کئی میل کا پیدل فاصلہ طے کرتے ہوئے بی بی سی کے دفاتر کے باہر پہنچے اور وہاں زبردست احتجاج کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More