اسکاٹ لینڈ میں کرونا کی صورتحال بہتر
گلاسگو(طاہر انعام شیخ )اسکا ٹ لینڈ میں کرونا کی صورتحال میں توقع سےزیادہ بہتری پیدا ہوئی ہے جس کے بعد حکومت نے لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔اسکاٹ لینڈ میں لاگو اور مولے کے علاوہ باقی تمام حصوں میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں کو لیول 3 سے کم کرکے لیول 2 پر کر دیا گیا ہے۔ نئی سہولتوں کے بعد اب تین گھرانوں کے 6 افراد گھروں کے اندر نہ صرف ملاقات کر سکیں گے بلکہ اپنے والدین بہن بھائیوں رشتہ داروں اور دیگر عزیزوں دوستوں سے گلے بھی مل سکیں گے۔ ریسٹورنٹس کیفے اور پب ساڑھے دس بجے تک الکوحل بھی مہیا کر سکیں گے۔ سینما ہال کلبز، بنگو وغیرہ بھی چند پابندیوں کے ساتھ کھول دیے گئے ہیں۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان سہولتوں سے پوری طرح لطف اندوز ہو لیکن ابھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں جبکہ گلاسگو اور مورے کے علاقوں میں صورتحال ایک بار پھر خراب ہو گئی ہے گلاسگو میں کرونا کی بھارتی قسم کے آنے کی وجہ سے پابندیاں ابھی برقرار رکھی گئی ہیں پاکستانی اور ایشیائی اکثریت کے سب سے بڑے علاقے پولک شیلڈ گون بل اور ملحقہ حصوں میں کرونا کے نئے ٹیسٹ سنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں پولک شیلڈ میں ٹرام وے کے سامنے، گون بل میں گون بل کمیونٹی سینٹر کی بلڈنگ جہاں مرکزی جامعہ مسجد گاربلز میں بھی موبائل سینٹر بنا دیے گئے ہیں جی41 اور جی 42 پوسٹ کوڈ کے علاقوں میں کرونا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے میڈیکل اسٹاف گھروں میں جاکر وائرس کا ٹیسٹ کرے گا ۔ اور وہاں بتیس ہزار گھروں میں کرونا ٹیسٹ کرنے کے پیکٹ دیے جارہے ہیں ہر پیکٹ میں سات ٹیسٹ کٹ ہوں گی۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہفتے میں دو دن ان کے ذریعے گھروں میں اپنا کرونا کا ٹیسٹ کریں علاقے میں 18 سال کی عمر سے زیادہ کے تمام افراد کو کہا گیا ہے کہ وہ کرو نا کا انجکشن لگوائیں۔دریں اثناء محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ اگر ان کو کسی وقت پتہ چلے کہ وہ کسی ایسے شخص سے رابطے میں ہیں جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تو وہ خود کو فورا دیگر افراد سے علیحدہ کر لیں اور دس دن تنہائی میں گزاریں۔ قطع نظر اس بات کی آپ نے انجیکشن لگا رکھا ہے کہ نہیں۔ امید کی جاتی ہے کہ گلاسگو میں بھی صورتحال جلد بہتر ہو جائے گی اور یہ لیول ٹو پر آ جائے گی۔