‘دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں کو طارق عزیز کا سلام’ جیسے ڈائیلاگ سے شہرت پانے والے پاکستان کے معروف ٹی وی میزبان، اداکار اور سیاستدان طارق عزیز 84 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
لاہور – پاکستان کے معروف ٹی وی میزبان اورنیلام گھر، طارق عزیز شو اور بزم طارق عزیز جیسے شہرہ آفاق ٹی وی پروگرام سے شہرت پانے والے طارق عزیز اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ طارق عزیز کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ انہیں گلے میں تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر وہ جانبر نہیں ہوسکے۔
جالندھر میں پیدا ہونے والی انتہائی نفیس شخصیت طارق عزیز نے ریڈیو سے کیریئر شروع کیا جبکہ 1974 میں نیلام گھر شو کا آغاز کیا وہ پی ٹی وی کے پہلے اینکر ہونے کا بھی اعزاز رکھتے تھے۔انہیں ان کے پروگرام نیلام گھر سے ملک گیر شہرت حاصل ہوئی۔ 40 برس سے زیادہ عرصے تک جاری رہنے والے اس پروگرام کو بعدازاں ’بزم طارق عزیز‘ کا نام دے دیا گیا تھا۔
طارق عزیز ادیب، شاعر اور سابق رکن قومی اسمبلی بھی تھے، انہوں نےکئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ معروف اداکار طارق عزیز پی ٹی وی کے مقبول پروگرام نیلام گھر کے میزبان تھے۔ طارق عزیز نے ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا انہیں پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے اینکر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
1936ء میں بھارتی شہر جالندھر میں آنکھ کھولنے والے طارق عزیر قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ صوبہ پنجاب آگئے۔انہوں نے ساہیوال میں اپنی ابتدائی تعلیم حاصل کی اور ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔
1964ء میں پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد اناؤنسر بنےتاہم انہیں اصل شہرت پی ٹی وی کے معروف گیم شو نیلام گھر سے شہرت حاصل ہوئی، وہ اس بروگرام کی کم و بیش 40 سال تک میزبانی کرتے رہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے طارق عزیز کی خدمات کے صلے میں انہیں 1992ء میں صدارتی تمغۃ حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔ طارق عزیز نے سیاست کے میدان میں بھی زورآمائی کی اور 1997ء میں وہ مسلم لیگ نون کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔