فرلو اسکیم میں توسیع کیلئے حکومت کا ذہن واضح ہے، مائیکل گوو
رپورٹ: ندیم عظمت
برطانوی کابینہ کے رکن مائیکل گوو نے کہا ہے کہ فرلو اسکیم میں توسیع کے حوالے سے حکومت کا ذہن کھلا اور واضح ہے، دوسری جانب اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا اسٹرجن نے وزیراعظم کے ساتھ 4 قومی سربراہی اجلاس میں ملازمت پر بحال رکھنے job retentionکی اسکیم ستمبر کے بعد بھی جاری رکھنے پر زور دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ مائیکل گوو نے اپنے بیان میں عندیہ دیا ہے کہ یہ اسکیم جاری رہے گی کورونا پر قابو پانے کے حوالے سے 4 قومی سمٹ سے قبل ایک بیان میں کہاکہ یہ اسکیم بہت کامیاب رہی ہے جس کاسہرا وزارت خزانہ کے سر جاتاہے۔ اسکاٹ لینڈ کی حکومت نے کنزرویٹو پارٹی کی حکومت کی جانب سے کفایت شعاری کی ممکنہ واپسی سے متعلق خبروں اور امکانات پر تشویش کااظہار کیاہے،مائیکل گوو نے گزشتہ روز بی بی سی کے اسکاٹ لینڈ ریڈیو سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ ہم زیادہ خرچ کرتے رہیں گے ہم این ایچ ایس پر زیادہ خرچ کریں گے ہم تعلیم پر زیادہ خرچ کریں گے اور ہم کرمنل جسٹس پر زیادہ خرچ کریں گے کیونکہ یہ تمام شعبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہر ایک کو اضافی فنڈ کی فراہمی جاری رہے گی تاہم یہ ضروری ہے کہ ہم سب ایک دوسرے سے یہ سیکھیں کہ رقم کس طرح خرچ کی جانی چاہئے انھوں نے یہ باتین کورونا وائرس کے حوالے سے ورچوئل سمٹ سے پہلے کہیں جس میں وزیراعظم بورس جانسن اور ایڈنبرا ،کارڈف اور بیلفاسٹ کی خودمختار حکومتوں کے سربراہ شریک ہوں گےیہ اجلاس گزشتہ ہفتے ہونا تھا لیکن ویلز اوراسکاٹ لینڈ کی حکومتوں جن کاکہناہے کہ اس اجلاس میں ہونے والی بات چیت بامعنی ہونی چاہئے کے علیحدہ ہوجانے کی وجہ سے ملتوی کردیاگیاتھا ۔ نکولا سٹرجن اور مارک ڈریک فورڈ دونوں نے وزیراعظم کو اس سمٹ کو زیادہ بامعنی اور واضح کرنےکے بارے میں لکھاتھا اور اس سمٹ سے قبل ہی اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نے برطانوی حکومت سے فرلو اسکیم میں توسیع کرنے کی سفارش کی تھی۔ نکولا سٹرجن کا کہناتھا کہ ہم نے کورونا کے اثرات کو کم سے کم کرنے اور عدم مساوات دور کرنے کیلئے اپنے محدود اختیارات کے تحت ہر ممکن کوشش کی ہے لیکن اب جبکہ ہم وبا کے اگلے مرحلے میں ان تمام کوششوںکو رائیگاں جاتے نہیں دیکھنا چاہتے۔انھوں نے کہا کہ کورونا سے قبل والی کفایت شعاری اسکاٹ لینڈ کے سرکاری ملازمین عوام اور فیملیز کیلئے تباہ کن ہوگی چونکہ موجودہ صورت حال سے بحالی کیلئے مالیاتی نظام حکومت کےہاتھ میں ہے اس لئے میں سمٹ میں بحالی کے اس مرحلے میں سرکاری اخراجات برقرار رکھنے اور جب تک عوام اور کاروباری اداروں کو تحفظ کی ضرورت ہے فرلو اسکیم جاری رکھنے کی سفارش کروں گی۔انھوں نے کہا کہ مجھے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ یہ ایک بامقصد سمٹ ہوگی اور اسے ایسا ہی ہونا چاہئےانھوں نے کہا کہ اسکاٹ حکومت فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے یقینی صورت حال چاہتی ہے کیونکہ اس کے بغیر گزشتہ 14 ماہ کے دوران اسکاٹ لینڈ کے لوگوں نے جو نقصان اٹھایاہے اس کاازالہ نہیں کیاجاسکتا،اس ورچوئل سمٹ میں چاروں قوموں کے فرسٹ منسٹر،ڈپٹی فرسٹ منسٹر ز کے علاوہ چانسلر رشی سوناک ،ڈچی آف لنکاسٹر کے چانسلر مسٹر گروواور اسکاٹ لینڈ ،ویلز اورشمالی آئرلینڈ سے متعلق امور کے وزرا شریک ہوں گے ۔ سمٹ میں تمام رہنمائوں کی جانب سے شرکت پر آمادگی پر مائیکل گوو نے کہاہے کہ مجھے خوشی ہے کہ تمام رہنمائوں نے وزیراعظم کی دعوت پر مثبت رویے کا اظہار کیاہےکورونا کی پوری وبا کے دوران ہم نے مل جل کر کام کیا جس سے پوری دنیا کو یہ پیغام گیا کہ ہم یونائیٹڈ کنگڈم کی حیثیت سے کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں مشکل وقت میں معیشت کی بحالی کیلئے ہمیں اسی جذبے کااظہار کرنا چاہئے۔ مل جل کر چیلنج کا سامنا کرنا اور اس کامقابلہ کرنا ہی زیادہ بہتر ہے۔