آئرلینڈ میں کورونا کے دوران قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں کمی، فراڈ اور منشیات کے واقعات میں اضافہ

آئرلینڈ میں کورونا وبا کے دوران قتل ،چوری ،ڈکیتی ، رہزنی اور مارکٹائی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی جبکہ فراڈ منشیات، ناجائز اسلحہ کے واقعات میں اضافہ ہوگیا۔ منسٹر آف جسٹس کی جانب سے ملک میں وبا کے باعث جاری لاک ڈاؤن پابندیوں میں نرمی کے بعد جرائم میں اضافہ کے خدشہ کے پیش نظر عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے ۔آئرش محکمہ شماریات نے گزشتہ سال مارچ 2020 سے مارچ 2021 تک ملک میں ہونے والے جرائم کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جن کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران بہت سے جرائم میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جبکہ کچھ جرائم میں اضافہ ہوگیا،رپورٹ کےمطابق سال 2020 کے مقابلہ میں اس سال چوری کے واقعات میں 45.4 فیصد، ڈکیتی کے واقعات میں 26.4 رہزنی 30.7، مارپیٹ کے واقعات میں 13.9 فیصد، قتل کے واقعات میں 22.5 فیصد اور عوامی آرڈر کے جرائم میں 11.2 فیصد کمی آئی، مگر اسی عرصہ کے دوران فراڈ کے جرائم میں 13.7 فیصد منشیات کے جرائم میں 9.5 فیصد ناجائز اسلحہ کے واقعات میں 7.6 فیصد اضافہ ہوگیا۔ رواں سال کورونا وبا کے باعث جاری حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر 10 ہزار 459 جرائم درج کیے گیے۔ منسٹر آئرش آف جسٹس ہیدر ہیمفریس نے محکمہ شماریات کی جانب سے جرائم کے حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹ کو خوش آئند قرار دیا اور اس حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک میں جرائم کی سطح میں نمایاں کمی آئی ہے، ان جرائم میں کمی میں جہاں آئرش لاانفورسمنٹ اداروں نے اپنا کردار بخوبی انجام دیا ہے وہیں کویڈ 19 کے باعث لگائی گئی پابندیاں بھی اہم رکاوٹ ثابت ہوئی ہیں کیونکہ وبا کے دوران زیادہ تر افراد نے اپنا وقت گھروں میں گزارا، نقل وحرکت اور خریداری ضروری سامان تک محدود رہی، جس کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کو اپنی سرگرمیاں کم کرنا پڑیں، منسٹر ہیمفرس نے عوام سے اپیل کی کہ اب جبکہ ملک کورونا وبا کی پابندیاں ختم ہورہی ہیں تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ جرائم پیشہ افراد اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کردیں، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اس وقت احتیاط کی سخت ضرورت ہے، جرائم کے واقعات کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے آئرش گارڈز کی جانب سے جاری احتیاط پر عمل کریں، مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور حکام سے رابطہ میں رہیں تاکہ ہم اپنی سوسائٹی کو جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں سے محفوظ رکھ سکیں۔ منسٹر آف جسٹس ہیمفریس نے کہا کہ وہ جنسی واقعات میں کمی پر کافی مطمئن ہیں مگر ساتھ ہی میں ان تمام افراد سے گزارش کرتی ہوں کہ اگر وہ کسی بھی جنسی تشدد کا نشانہ بنیں تو فوری طور پر گارڈز کو رپورٹ کریں، ہماری حکومت کی جنسی تشدد کے حوالے سے پالیسی بہت صاف ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے اپنے پورے وسائل استعمال کریں۔ منسٹر آف جسٹس نے منشیات کے کنٹرول سے متعلق واقعات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے جرائم کو کنٹرول کرنے کیلیے ہم نے گارڈا نیشنل ڈرگ اینڈ کرائم بیورو کو مزید مضبوط کیا ہے اور یورپین اور بین الاقوامی اداروں کی مدد سے ملک میں منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن پوری شدت سے جاری ہے، انہوں نے کہا کہ وبا کے باعث زیادہ تر لوگ آن لائن شاپنگ کررہے ہیں، اس وجہ سےآن لائن فراڈ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جلد ان جرائم پر کنٹرول کرلیا جائےگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More