جرمنی کے 10 فٹبالرز کرونا وائرس کا شکار ہوگئے
جرمن فٹبال لیگ حکام کے مطابق دو سرفہرست کلبوں کے 10 کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا، کھلاڑی قرنطینہ کر دیے گئے
برلن۔ جرمنی کے 10 فٹبالرز کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، جرمن فٹبال لیگ حکام کے مطابق دو سرفہرست کلبوں کے 10 کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا، کھلاڑی قرنطینہ کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جرمنی میں کرونا وائرس کے پھیلاو نے عام شہریوں کو متاثر کیا ہے، وہیں اس وبا سے اب جرمنی کے فٹبالرز بھی متاثر ہوئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ جرمنی کے 10 کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد کھلاڑیوں کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جرمن فٹبال لیگ نے بتایا ہے کہ 2 جرمن کلبوں کے 10 کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ جرمنی کے کل 1724 فٹبال کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ لیا گیا جن میں سے 10 کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ وائرس کا شکار ہونے والے ان کھلاڑیوں کو قرنطینہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل بھی کچھ فٹبال کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے کرونا کا شکار ہو جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ یاد رہے کہ جرمنی میں 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کرونا میں مبتلا ہوچکے ہیں، جبکہ 7393 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے۔ جرمنی کرونا وائرس کے باعث سب زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ تاہم ان حالات کے باوجود جرمنی میں رواں ماہ کے اختتام سے یورپ کی سب سے بڑی فٹبال لیگ کے دوبارہ آغاز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ جرمنی میں نافذ لاک ڈاون پابندیوں میں بھی نرمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔