لارڈ نذیر احمد ہراسانی کیس میں باعزت بری ۔ پاکستانیوں میں خوشی کی لہر ۔ پاک اسکاٹش پریس کلب کی طرف سے مبارکباد
مانچسٹر: برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے سابق رکن لارڈ نذیر احمد کو ہراسانی کیس میں عدالت نے باعزت بری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے سابق رکن لارڈ نذیر کے خلاف ہراسانی کیس میں آج تفصیلی فیصلہ جاری ہوا، اور انھیں الزامات سے باعزت بری کر دیا گیا۔
شیفلڈ کراؤن کورٹ میں 15 جنوری سے اس کیس کی سماعت جاری تھی، آج تفصیلی فیصلہ جاری کیا گیا، لارڈ کے سابق ممبر پر 5 سال قبل جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
26 فروری کو لارڈ نذیر کیس پر مختصر فیصلہ سنایا گیا تھا، تاہم عدالت نے لارڈ نذیر احمد کو آج جنسی ہراسانی کیس میں الزامات جھوٹے قرار دے کر باعزت بری کر دیا۔
لندن کی عدالت نے لارڈ نذیر احمد کو بے گناہ قرار دے دیا۔ جج جیرمی رچرڈسن نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ لارڈ نذیر احمد کے خلاف مقدمے نے تین افراد کو مشکلات میں ڈالے رکھا، استغاثہ لارڈ نذیر کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔
خیال رہے کہ لارڈ نذیر احمد برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز کے تاحیات رکن تھے ۔ گزشتہ برس 14 نومبر کو انہوں نے یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا کہ ان کی اہلیہ کی طبیعت خراب ہے۔ بعد ازاں یہ انکشاف سامنے آیا تھا کہ ہاؤس آف لارڈز کی 268 صفحات کی انکوائری رپورٹ میں انہیں ہٹانے کی سفارش کی گئی تھی تاہم انہوں نے ہٹائے جانے سے پہلے ہی رضاکارانہ استعفیٰ دے دیا تھا۔
لارڈ نذیر کے خلاف 2017 میں طاہرہ زمان نامی ایک خاتون نے جنسی ہراسانی کی شکایت دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ لارڈ نذیر نے ان کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جسمانی تعلقات قائم کیے تھے۔
لارڈ نذیر احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات تحقیقات کے بعد جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے، میں ہرجانے سمیت ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔
انھوں نے کہا میری شہرت کو ایک سازش کے تحت داغدار کرنے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن آج برطانوی عدالت سے انصاف کی توقع آج پوری ہوئی، آج حق و سچ کی فتح ہوئی ہے۔
لارڈ نذیر نے کہا کہ وہ دنیا بھر مظلوم مسلمانوں کا مقدمہ مؤثر انداز میں لڑیں گے، انھوں نے کہا کشمیریت میرے خون میں ہے، آخری سانس تک کشمیر کا مقدمہ لڑوں گا۔
دوسری طرف پاکستان اسکاٹش پریس کلب کے چیئرمین چوہدری محمد بشیر اور صدر چوہدری خالد محمود اور دیگر عہدے دارن نے لارڈ نذیر کی ایک نام نہاد جھوٹے کیس سے بریت پر لارڈ نذیر کو مبارکباد پیش کی ہے۔