
یورپی کمیشن کی بجٹ میں بڑی اصلاحات کی تیاری: زرعی اور علاقائی فنڈز کو یکجا کرنے کی تجویز
یورپی کمیشن کی مجوزہ بجٹ اصلاحات میں زرعی و علاقائی فنڈز کو یکجا کرنے کا منصوبہ؛ کسانوں کی حمایت یافتہ CAP کے دوسرے ستون کا خاتمہ زیر غور
برسلز، 15 جولائی 2025 — یورپی یونین کی مالیاتی حکمت عملی میں ایک بڑی تبدیلی متوقع ہے، کیونکہ یورپی کمیشن ایک ایسے منصوبے پر غور کر رہا ہے جس کے تحت زرعی سبسڈی اور علاقائی ترقیاتی فنڈز (Cohesion Policy) کو ایک واحد فریم ورک کے تحت ضم کر دیا جائے گا۔ یورونیوز کو موصول ہونے والی ایک خفیہ دستاویز کے مطابق، اگلے طویل المدتی بجٹ کے لیے کمیشن کی مجوزہ حکمت عملی میں یورپی یونین کے دو سب سے بڑے بجٹ شعبوں کو ایک نئے “متحد پروگراماتی ڈھانچے” کے تحت لایا جائے گا۔
اس مسودے میں سب سے اہم اور متنازعہ تجویز مشترکہ زرعی پالیسی (CAP) کے “دوسرے ستون” یعنی دیہی ترقیاتی پروگراموں کو ختم کرنا ہے، جو اس وقت زرعی ماحولیاتی اقدامات، کسانوں کی سرمایہ کاری، اور دیہی کمیونٹیز کی ترقی کے لیے فنڈ فراہم کرتا ہے۔ تجویز کے مطابق، اس مرحلے کو ایک جامع مالیاتی میکانزم میں ضم کر دیا جائے گا جو کہ ایک نیا فنڈ ہوگا، جسے عبوری طور پر “یورپی معاشی، علاقائی، سماجی، دیہی و بحری پائیدار خوشحالی و سلامتی فنڈ” کا نام دیا گیا ہے۔
خفیہ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ:“نیا فریم ورک موجودہ دو فنڈز پر مشتمل نظام کو ایک چھتری تلے لا کر ہم آہنگی، سادگی اور مزید لچک فراہم کرے گا۔ یہ یکجائی پالیسیوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دے گی اور ان کے نفاذ کو بہتر بنائے گی۔”اس نئی حکمت عملی کے تحت رکن ممالک کو ایک وسیع تر ٹول باکس فراہم کیا جائے گا جس کی مدد سے وہ نہ صرف زرعی بلکہ علاقائی ترقیاتی چیلنجز کو بھی ایک ساتھ حل کر سکیں گے۔ اس میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ڈیجیٹل، پانی و توانائی تک رسائی، مہارتوں کی تربیت، اور نئی نسلوں کی شمولیت جیسے عناصر شامل ہوں گے۔
تاہم اس انقلابی تجویز کو سخت مزاحمت کا سامنا ہو سکتا ہے، خاص طور پر کسانوں کی تنظیموں کی طرف سے، جنہوں نے مئی 2025 میں اسی نوعیت کی ابتدائی تجاویز کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ کئی یورپی ممالک کے وزرائے زراعت اور یورپی کمشنر برائے زراعت کرسٹوف ہانسن نے بھی پہلے سے ہی اشارہ دیا ہے کہ وہ CAP کے موجودہ “دو-ستونی” ڈھانچے اور اس کی خود مختار بجٹ حیثیت کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ موجودہ کثیر سالہ مالیاتی فریم ورک (MFF) برائے 2021-2027 کا حجم تقریباً 1.2 ٹریلین یورو ہے، جو یورپی یونین کی مجموعی پیداوار (GDP) کا تقریباً 1 فیصد بنتا ہے۔ اس میں سب سے بڑے فنڈز کا حصہ زراعت اور علاقائی ترقی پر مشتمل ہے۔ یہ دونوں پالیسی شعبے یورپی یکجہتی، خوراکی تحفظ اور خطے کی متوازن ترقی کے لیے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر یہ تجویز قابلِ عمل قرار دی گئی اور حتمی شکل میں نافذ ہو گئی تو CAP کی خودمختار حیثیت متاثر ہو سکتی ہے۔ کیونکہ زرعی سبسڈی براہ راست کسانوں کی آمدن، خوراک کی قیمتوں، اور ماحولیاتی اقدامات سے جڑی ہوئی ہے، اس کے ساتھ cohesion funds کو یکجا کرنا پالیسی سطح پر واضح حدود کو دھندلا دے گا۔ جہاں CAP کسانوں کو براہ راست فنڈ فراہم کرتی ہے، وہاں cohesion funds کا مقصد پسماندہ علاقوں میں سرمایہ کاری اور علاقائی تفاوت کو ختم کرنا ہے۔یہ تجویز ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور کمیشن کی جانب سے رکن ممالک اور یورپی پارلیمان سے مشاورت کے بعد آئندہ ماہ پیش کی جانے والی نئی MFF 2028–2034 کی پالیسی میں شامل کی جا سکتی ہے۔ تب تک یہ موضوع یورپی یونین کے اندر شدید بحث و مباحثے کا مرکز بن سکتا ہے۔