ایف اے ٹی ایف کی ’سفارشات‘ پر پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری

منی لانڈرنگ سے متعلق ایشیا پیسیفک گروپ (اے پی جی) کے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت کے خلاف فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی 40 تکنیکی سفارشات میں سے 21 میں پاکستان کی درجہ بندی بہتری ہوئی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اے پی جی نے ملک میں خاطر خواہ نتائج کے لیے ’مزید بہتری پر مبنی فالو اپ‘ کیٹیگری میں رکھا ہے۔
میوچل ایویلویشن آف پاکستان‘ سے متعلق دوسری فالو اپ رپورٹ میں ملک کو ایک کیٹیگری میں تنزلی کا شکار دکھایا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان نے 5 معاملات میں بہتری دکھائی، 15 دیگر معاملات میں ’غیرمعمولی بہتری‘ کا مظاہرہ کیا جبکہ ایک معاملے میں ’جزوی طور پر ایف اے ٹی ایف کی ہدایت پر تعمیل‘ کی۔
مجموعی طور پر پاکستان اب 7 سفارشات کی مکمل طور پر تعمیل کرچکا ہے اور 24 دیگر معاملات میں بڑی حد تک تعمیل کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان 7 سفارشات پر ’جزوی طور پر تعمیل‘ کررہا ہے اور 40 سے 2 سفارشات پر بالکل تعمیل نہیں کررہا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس اعتبار سے پاکستان فیٹف کی 40 سفارشات کے مقابلے میں 31 پر تعمیل کرچکا ہے یا کررہا ہے۔
جائزہ لینے کی آئندہ تاریخ یکم اکتوبر 2020 ہے جس اس کا مطلب ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر مزید کام کرکے ریٹنگ کو بہتر کرنے کا موقع ہے۔
اے پی جی نے کہا کہ پاکستان انسداد منی لانڈرنگ اور فنانسنگ دہشت گردی سے متعلق اقدامات پر عمل درآمد میں بہتری لانے کے لیے اے پی جی کی وضع کردہ سفارشات کی تعمیل کے لیے تیزی سے کام کررہا ہے۔
پاکستان نے فروری 2021 میں اپنی تیسری پیشرفت رپورٹ پیش کی اور ابھی اس کا جائزہ ہونا باقی ہے۔
اے پی جی نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر پاکستان نے میوچل ایویلویشن رپورٹ (ایم ای آر) میں تکنیکی بنیاد پر تعمیلاتی خامیوں کا نشاندہی کی اور انہیں دور کرنے میں قابل ذکر پیشرفت کی ہے جس کی بنیاد پر اس کی 22 سفارشات پر دوبارہ درجہ بندی کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ رقم کی منتقلی کی سروسز، زیادہ رسک والے ممالک، مشکوک لین دین، خفیہ اطلاع اور رازداری اور سپروائزر کے اختیارات سے متعلق 14، 19، 20، 21 اور 27 سفارشات کی تعمیل کرنے پر دوبارہ درجہ بندی کی گئی۔
اے پی جی نے کہا کہ رسک کا اندازہ کرنا اور رسک کو دور کرنے کے لیے حکمت عملی اپنانا، دہشت گردی اور دہشت گردی کی مالی اعانت سے متعلقہ مالی پابندی سے متعلق 15 سفارشات 1، 6، 7، 8، 12، 17، 22، 23، 24، 25، 30، 31، 32، 35 اور 40 کی تعمیل کرنے کی بنیاد پر دوبارہ درجہ بندی کی گئی۔
ایف اے ٹی ایف کی ٹاسک فورس کے سربراہ اور وزیر توانائی حماد اظہر نے اچھی ریٹنگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نتائج ایف اے ٹی ایف کی ضروریات کو پورا کرنے میں حکومت کے عزم کے ساتھ خلوص کو بھی ثابت کرتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More