مہاتما گاندھی کی پڑپوتی کو کرپشن الزام میں 7 سال قید
کیپ ٹاﺅن: جنوبی افریقا میں بھارت کے بانی رہنما مہاتما گاندھی کی پوتی ایلا گاندھی کی بیٹی کو 6 کروڑ رینڈ کی کرپشن پر 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کی ایک عدالت نے 56 سالہ مہاتما گاندھی کی پڑپوتی آشیش لتا رامگووند کو صنعتکار ایس آر مہاراج سے دھوکہ دہی کے ذریعے 6 کروڑ رینڈ ہتھیانے کے الزام میں 7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
ایس آر مہاراج نے مبینہ طور پر اشیش لتا کو انڈیا سے ایک کھیپ درآمد کرنے اور کسٹم ڈیوٹی کو کلیئر کرنے کے لیے 62 لاکھ رینڈ دیئے تھے۔ تاہم اصل میں اتنی کسٹم ڈیوٹی نہیں تھی۔
گاندھی کی پڑ پوتی اشیش لتا نے صنعتکار مہاراج کو بتایا تھا کہ جنوبی افریقی اسپتال گروپ نیٹ کیئر کے لیے کپڑے کے تین کنٹینر منگوانے ہیں جس پر تاجر نے انہیں قرض بھی فراہم کیا اور کسٹم ڈیوٹی ادا کی جب کہ اشیش لتا نے سرکاری اداروں کو کنٹینر کی آمد کے جعلی دستاویزات بھی دیئے تھے۔
اس قبل 2015 میں بھی مہاتما گاندھی کی پڑپوتی کو ایک مقدمے میں 50 ہزار رینڈ کی ضمانت پر رہا کیا گیا تھا جس کی بعد ان کی ملاقات صنعتکار ایس آر مہاراج سے ہوئی تھی جنہوں نے خاندانی پس منظر دیکھتے ہوئے قرضہ دینے کے لیے ہامی بھرلی تھی۔
واضح رہے کہ آشیش لتا کی والدہ ایلا گاندھی بھارت کے بانی رہنما مہاتما گاندھی کے بیٹے لال گاندھی کی بیٹی ہیں۔مہاتما گاندھی کے چار بیٹے تھے جن میں لال گاندھی دوسرے نمبر پر تھے۔