توجہ بالغ افراد پر ہے، بچوں کو بھی کورونا سے بچاؤ کی ویکسین دینے کیلئے تیار ہیں، نکولا سٹرجن

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ اگر جائنٹ کمیٹی آن ویکسی نیشن اینڈ ایمیونائزیشن ہمیں 12 سے 15 سال تک عمر کے بچوں کو ویکسین دینے کا مشورہ دیتی ہے تو ہم اس سلسلے میں مکمل طور تیار ہیں۔ اس وقت تک ہماری توجہ تمام بالغ افراد کو ویکسین دینے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین دینے سے بچوں کو کورونا سے زیادہ تحفظ مل سکتا ہے اس سے نہ صرف سکولوں کے حالات بہتر ہوں گےبلکہ کمیونٹی میں بھی کوونا کے مجموعی پھیلائو میں کمی آئے گی۔ فائزر کمپنی نے بتایا ہے کہ اس کی ویکسین بچوں میں سو فیصد کامیاب رہی ہے اور اس کے کوئی غیر معمولی نئے اثرات نہیں پائے گئے۔ ریگولیٹر ایم ایچ آر اے نے بھی سخت جانچ پڑتال کے بعد کہا تھا کہ یہ ویکسین بچوں کے لئے محفوظ ہے۔ اس وقت اسکاٹ لینڈ کی آدھی سے زیادہ بالغ آباد کو کورونا سے بچائو کے دونوں انجکشن لگ چکے ہیں۔ بعض ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بچوں کو فوری طور پر ویکسین دینا اخلاقی طور پر مناسب نہیں کیونکہ ان کے کورونا سے ہلاک ہونے کے امکانات نہایت ہی کم ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور چند ماہرین صحت نے امیر ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یہ ویکسین بچوں کو دینے کا پروگرام فی الحال ملتوی کردیں اور غریب ممالک کے ایسے بالغ افراد کے لئے بطور عطیہ دیں جن کی ایک بڑی تعداد ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے تیزی کے ساتھ موت کے منہ میں جا رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More