راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کا سالانہ ڈنر
رپورٹ: ندیم عظمت
راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کے بانی رانا انس اور رانا محمود خان کی طرف سے اسکاٹ لینڈ کے خوبصورت شہر لوِنگسٹن کے مقامی ریسٹورنٹ میں ایک عظیم الشان ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں اسکاٹ لینڈ بھر سے مختلف کاروباری، سماجی ،سیاسی مذہبی، ادبی اور میڈیا سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ اس ڈنر پارٹی کی خاص بات اس میں راجپوت برادری کے علاوہ مختلف برادری کے افراد کو بھی مدعو کیا گیا۔
آنے والے مہمانوں کو بانی راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن رانا انس اور باقی ممبران دروازے پہ خوش آمدید کہہ رہے تھے۔ رانا انس سمیت راجپوت ایسوسی ایشن کے ممبران نے روائتی سفید پگڑیاں باندھ رکھی تھیں ۔ جو کہ راجپوتوں کے کلچر کی عکاسی کر رہی تھیں ۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا اور نعت شریف بھی پڑھی گئی ۔
میزبانی کے فرائض بانی راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن رانا انس نے ادا کئے ۔ اپنے ابتدائی کلمات میں آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کی کرونا وباء کی وجہ سے اس پروگرام کو تھوڑا محدود کیا گیا ہے۔ لیکن انشاءاللہ آنے والے وقت میں وہ اس سے بڑا اجتماع رکھے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم بہت جلد راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کو برطانیہ بھر کے مختلف شہروں میں وسیع پیمانے پر پھیلائیں گے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن تنظیم کو پہلے مرحلے میں پورے برطانیہ اور پھر انشاءاللہ مستقبل میں اس تنظیم کی ممبر سازی یورپ میں بھی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ ہم راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کی طرف سے اسکاٹ لینڈ میں نیا اخبار باخبر برطانیہ شائع کرنے پر انکی پوری ٹیم کو مبارک باد دیتے ہیں اور انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی ویسٹ اور ایسٹ اسکاٹ لینڈ کے جیتنے والے صدور اور تمام ممبران کو ویلکم کرتے ہیں اور الیکشن جیتنے پہ مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔
تقریب سے کمیونٹی کے مختلف افراد نے خطاب کیا۔
رانا محمود خان نے اپنے خطاب کے دوران تمام مہمانوں کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا عہد کیا کہ انشاءاللہ آئندہ بھی وہ اس طرح کی محفلیں سجاتے رہیں گے۔
پی ٹی آئی ویسٹ اور ایسٹ کے صدور نے بھی اپنے اپنے خطاب میں میزبانِ محفل کا شکریہ ادا کیا ۔ کہ انہوں نے اتنی خوبصورت محفل سجائی ہے ۔
ماہانہ اخبار باخبر برطانیہ کی طرف سے ریزیڈنٹ ایڈیٹر عامر عام صاحب نے اپنے خطاب کے دوران بانئ راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن رانا انس اور ان کی پوری ٹیم کا اخبار باخبر برطانیہ کی عزت افزائی پہ شکریہ ادا کیا ۔ اور ساتھ ساتھ بتایا کہ باخبر برطانیہ کمیونٹی کا اخبار یے۔ اس اخبار میں ہم انشاءاللہ کمیونٹی کی خبریں ان کے مسائل کی نشاندہی کرینگے ۔ اس اخبار میں کوئی بھی فرد اپنا آرٹیکل، فنکشن کی تصویریں بھجوا سکتا ہے جس کو بےلوث ہو کر شائع کیا جائے گا۔
سفیران امن برطانیہ کے چیئرمین محمد اظہر نے راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کے بانئ اور ان کی پوری ٹیم کو اس طرح کی خوبصورت محفل سجانے پہ مبارکباد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ آج کی محفل میں مختلف ذات برادری کو بھی ساتھ لے کر چلنے کا عندیہ دیا گیا ہے ۔
خطاب کرنے والوں میں عاصم خان ،جبرئیل اسلام ،رانا فرید اور رانا عدیم شامل تھے۔
تقریب کے دوران ادبی شخصیات سعید خان اور عامر عام نے اپنی شاعری سے مہمانوں کو محظوظ کیا۔
بانئ راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن رانا انس نے آنے والے تمام مہمانوں کا ایک بار پھر شکریہ ادا کیا۔ اور مہمانوں کو پُرتکلف عشائیہ دیا گیا۔ آخر پہ کیک کاٹا گیا۔























